پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے صوبے میں مزدوروں کی فلاح کے لیے سوشل سیکیورٹی ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کی اسمبلی میں مزدوروں کے لیے سوشل سیکیورٹی ایکٹ پیش کر دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی ایکٹ کے تحت سوشل سیکیورٹی ادارہ قائم کیا جائے گا۔
مجوزہ بل کے تحت خواتین مزدوروں کی 3 ماہ میٹرنٹی چھٹی اور معاوضہ سوشل سیکیورٹی ادارہ دے گا۔
بیماری اور زخمی ہونے کی صورت میں مزدوروں کی طبی امداد کے اخراجات بھی سوشل سیکیورٹی بورڈ کے ذمے ہوگی، اور دوران ڈیوٹی موت واقع ہونے پر لواحقین کو معاوضہ سوشل سیکیورٹی بورڈ ادا کرے گا۔
مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت سوشل سیکیورٹی ادارہ کارخانوں سے مزدوروں کی فلاح کے لیے مخصوص فنڈز لے گا۔
ادارے کی گورننگ باڈی کے چیئرمین وزیر محنت ہوں گے، جب کہ محکمہ لیبر، صنعت، صحت اور خزانہ کے ارکان شامل ہوں گے، صوبائی محکمہ محنت کے سیکریٹری اس ادارے کے کمشنر ہوں گے۔
مجوزہ بل کے مطابق ادارہ کا ایمپلائز سوشل سیکیورٹی فنڈ کے نام سے اپنا فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔