ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ سوہا علی خان نے اپنے مرحوم والد اور سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان منصور علی خان پٹودی کی سالگرہ کے موقع پر جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
سوہا علی خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میرے والد منصور علی اگر حیات ہوتے تو پیر 5 جنوری 2026 کو 85 برس کے ہو جاتے۔
سوہا نے انسٹاگرام پر ایڈن گارڈنز کی تصاویر کے ساتھ لکھا کہ وہ اپنے والد کی سالگرہ پر اس مقام پر کھڑی ہونا چاہتی تھیں جہاں کرکٹ آج بھی انہیں یاد کرتی ہے۔ ان کے مطابق ایڈن گارڈنز آج خالی ضرور ہے مگر منصور علی خان پٹودی کے لیے کبھی خاموش نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ میدان ہے جہاں ان کے والد نے بھارت کی قیادت کی اور خاص طور پر دسمبر 1974 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ یادگار رہا۔
اس میچ میں اینڈی رابرٹس کی گیند چہرے پر لگنے سے ان کی گال کی ہڈی فریکچر ہوگئی تھی، وہ زخمی حالت میں میدان سے باہر گئے مگر دوبارہ واپس آ کر ٹیم کی قیادت کی اور بھارت کو 85 رنز سے کامیاب کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سوہا علی خان نے شوہر کے ساتھ بیٹی کی تصویر شیئر کردی
سوہا نے کہا کہ ایڈن گارڈنز کا وہ ٹیسٹ میچ بھارتی کرکٹ کی تاریخ کی عظیم ترین فتوحات میں شمار ہوتا ہے جو حوصلے اور جرات مندانہ قیادت کی مثال ہے۔
واضح رہے کہ منصور علی خان پٹودی، جو ٹائیگر پٹودی کے نام سے بھی جانے جاتے تھے، 70 برس کی عمر میں سانس کی بیماری کے باعث دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔


