اسلام آباد : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا وزیراعظم سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم نے خود انہیں ملاقات کی دعوت دی تھی۔ ملاقات میں بلوچستان میں حالیہ واقعے پر اظہار تعزیت کیا گیا اور دہشت گردی کے ہر واقعے کی مذمت کی گئی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ صوبے کے مسائل، ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں اور 26 ارب روپے کی سرمایہ کاری پر بات ہوئی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے احسن اقبال سمیت دیگر حکام کو ہدایات جاری کی ہیں اور این ایف سی اور فنڈنگ سے متعلق تمام امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سیاسی امور یا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے متعلق کوئی بات چیت اس ملاقات میں نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ قربانیاں دے رہے ہیں، ان کی اہمیت اربوں کے دعوؤں سے کہیں زیادہ ہے۔ تیراہ، کرم اور باجوڑ کے لوگ امن کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور 4 ارب کے دعوے حقیقت کے قریب نہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ آج کی ملاقات اس عہدے کے تقاضے کے تحت ہوئی، جس پر وہ فائز ہیں، اور انہوں نے اپنے عوام اور صوبے کے مسائل پر بات کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


