اسلام آباد (18 اگست 2026): خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شفا اسپتال کے باہر جمع نہ ہوں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم جاری کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی 25 کروڑ عوام کی امید عدلیہ ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر جلد عملدرآمد ہونا چاہیے جب کہ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی کارکنان کو بھی ہدایت کی کہ وہ اسپتال کے اردگرد جمع نہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کروڑوں پاکستانیوں کی امید ہیں اور اسے ٹوٹنے نہیں دینا۔ پی ٹی آئی نے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنا ہے۔ بانی صحتمند ہو کر آئیں گے تو جلسے جلوس بھی کریں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اس موقع پر انتشاری چاہیں گے کہ وہ انتشار پھیلا کر اس عمل کو ختم کریں۔ پی ٹی آئی کو انتشاری عناصر کی نشاندہی کرنا ہو گی، کیونکہ ہم کوئی مسلح جتھہ نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ موثر مذاکرات ہوں تو ہم ضرور ویلکم کہیں گے۔
سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو بانی کے علاج پر سیاست کرنے سے روک دیا


