لاہور (4 جنوری 2025): وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی اور ان کے رفقا کے دورے پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ آ گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، ان کے کابینہ اراکین اور ممبران اسمبلی نے گزشتہ ہفتہ پنجاب کا دورہ کیا۔ اس دوران جب یہ وفد پنجاب اسمبلی گیا تو وہاں ہنگامہ آرائی ہوئی۔
اس معاملے پر بڑی پیش رفت یہ ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے قائم تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے اور اس کو ضروری دستاویزات اور ثبوتوں کے ساتھ آئی جی پنجاب کو بھجوایا جائے گا۔
پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کی یہ رپورٹ اسپیکر پنجاب اسمبلی علی احمد خان کی جانب سے قائم تحقیقاتی کمیٹی نے مرتب کی ہے۔
اس تحقیقاتی رپورٹ میں ویڈیوز کے ذریعہ ہلڑ بازی کرنے والوں کی شناخت کی گئی جب کہ اس میں پنجاب اسمبلی کے ملازمین اور عینی شاہدین کے بیانات بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی پنجاب اسمبلی آمد پر اسمبلی عملے نے شناخت کروانے کی ہدایت دی اور ان سے تحمل کے ساتھ شناخت کا کہا گیا، مگر سیکیورٹی ملازمین کو دھکے دیے گئے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے ہمراہ غیر متعلقہ اور سزا یافتہ افراد بھی پنجاب اسمبلی میں داخل ہوئے۔
تحقیقاتی کمیٹی کی اس رپورٹ کو آئی جی پنجاب کو بھیجنے کے ساتھ اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کےپی کی آمد پر ہلڑ بازی، ملوث اشخاص کیخلاف قانونی کارروائی کی تجویز


