وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن پر صوبوں کی رائے تقسیم ہے فائنل یہ ہوا کہ معاشی سرگرمیاں متاثر کرنے والا فیصلہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے خلاف کسی بھی پالیسی کی حمایت نہیں کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف فرنٹ پر لڑ رہے ہیں، وفاق سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا، صحت کارڈ پر عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق صوبوں سے ہی عوام کے ٹیکس کا پیسہ اکٹھا کرتا ہے، ہمارے پیسے شاہ خرچی پر خرچ نہیں ہونے دیں گے، عوام کے منتخب نمائندوں پر ذمہ داری ہے کہ کفایت شعاری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی کا مقدمہ میں لڑ رہا ہوں، چاہتے ہیں ہمارے ساتھ انصاف ہو، این ایف سی میں ہمارا شیئر نہیں دیا جارہا، شیئر نہ دینے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے عماملے پر صوبائی وزرائے خزانہ پر مشتمل ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کا اجلاس کل ہوگا، کمیٹی اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے تجاویز پر نظرثانی کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


