لاہور: صوبہ پنجاب میں بنیادی مراکز صحت اور پرائمری اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ، 15 ہزار پرائمری اسکولوں کو دسمبر تک شمسی توانائی پر منتقل کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر توانائی اختر ملک کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بنیادی مراکز صحت اور پرائمری اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک اور محکمہ توانائی 86 ملین ڈالر سے منصوبہ مکمل کریں گے۔
اختر ملک کا کہنا تھا کہ دورہ چین میں چینی کمپنیز کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں، ماحول دوست اور سستی بجلی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ 15 ہزار پرائمری اسکولوں کو دسمبر تک شمسی توانائی پر منتقل کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 24 سو بنیادی مراکز صحت کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائے گا، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
اس سے قبل گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ تمام جامعات کو شمسی توانائی پر لے جانے کا پروگرام ہے اس کے علاوہ فائلوں کی ٹریکنگ کا نظام بھی متعارف کرائیں گے۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ تمام جامعات کو مثالی بنائیں گے اور کسی وائس چانسلر کی تعیناتی سیاسی بنیادوں پرنہیں ہوگی۔ تمام جامعات میں صاف پانی اور پانی کا ضیاع روکنے کا پروگرام بھی بنائیں گے۔