اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے کسانوں اور کاشت کاروں کی سہولت کے لیے اہم فیصلہ کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان میں واقع ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کی منظوری دے دی گئی، یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی موجود تھے، متعلقہ وفاقی و صوبائی وزرا اور سینئر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔
ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن سے کسانوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، اور بجلی کی مد میں ہونے والے نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
وزیر اعظم نے اس سلسلے میں پاور ڈویژن اور صوبائی حکومت کو جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سولرائزیشن منصوبے سے متعلق ٹائم لائنز پر مبنی روڈ میپ جلد مرتب کیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا بجلی کی مد میں نقصانات کا خمیازہ ملک کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، ترجیحی بنیادوں پر اس مسئلے کے حل کو یقینی بنایا جائے، سبسڈی کا مؤثر اور مناسب استعمال حکومت کی اوۤلین ترجیح ہے۔