بالی وڈ کوئن جوہی چاولہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے ان کا سالوں پرانا تعلق ہے،میرے خاندان کے کچھ افراد کراچی میں مقیم ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنے دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ قیام پاکستان سے قبل میرے والدین پاکستان میں رہتے تھے لیکن جب بھارت اور پاکستان الگ ہوئے تو والدین سمیت خاندان کے کئی لوگ بھارت آگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری خالہ کی شادی کراچی کے اس وقت کے مشہور پروڈیوسر جے سی آنند سے ہوئی، تقسیمِ ہند کے وقت میرے سارے خاندان والے بھارت آگئے لیکن وہ پاکستان میں ہی رہیں، اسی لیے اب بھی میرے کچھ کزنز کراچی میں رہتے ہیں۔بالی وڈ کوئن نے بتایا کہ میرے دادا بیرسٹر تھے اور پاکستان میں ان کی ڈھیروں ملکیت تھی، تقسیمِ ہند کے وقت سب کچھ چھوڑ کر انہیں بھارت آنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں اب بھی کبھی کبھی پاکستان جاتی ہوں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ مذکورہ ویڈیو سے قبل دو ہزار اٹھارہ میں جوہی چاولہ کو کراچی میں دیکھا گیا تھا اور انہوں نے بعد ازاں اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے کراچی آنے کی تصدیق بھی کی تھی۔اس وقت انہوں نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک مداح سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ بہت کم وقت کے لیے اپنے رشتے داروں کے ہاں کراچی آتی ہیں۔
اس سے قبل دو ہزار تیرہ اور سولہ درمیان بھی جوہی چاولہ کو متعدد بار کراچی میں دیکھا گیا تھا۔