لاہور : چئیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے بعض ارکان اسمبلی کے تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں، آئندہ انتخابات میں زیادہ بھاری اکثریت سے واپس آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شیخوپورہ اور قصور اور دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے اور یوٹیوبرز سے ملاقاتیں کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے کچھ لوگ اسمبلی تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں، اسمبلیاں تحلیل ہونے سے ہماری مقبولیت کم نہیں ہوگی، آئندہ انتخابات میں زیادہ بھاری اکثریت سے واپس آئیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ اتحادیوں کی ہر بات ہماری سیاسی لائن نہیں ہوسکتی کارکنوں کو اتحادیوں کی کوئی بات پسند نہیں آتی تو اسے نذرانداز کریں۔
کٹھ پتلیوں پر مشتمل امپورٹڈ سرکار نے نظام معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، عوام سیاسی طور پر بیدار ہے اور ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
لاہور تنظیم کے ارکان سے ملاقات میں عمران خان نے رہنماؤں کو حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک تیز کرنے کے لیے متحرک ہونے اور انتخابی تیاریوں کی ہدایت کردی۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا تھا، جس میں اسمبلیوں کی تحلیل اوراستعفوں کےمعاملے پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نےعمران خان کوتعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ملکی مسائل کا واحد حل شفاف اور جلد انتخابات ہیں۔
ارکان اسمبلی نے رائے دی کہپنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل بڑا سیاسی فیصلہ ہے، اس فیصلے پر ایسے عمل کیا جائے جس کے موثر نتائج سامنے آئیں۔