The news is by your side.

Advertisement

موچی گیٹ میں داماد نے سسرالیوں کے مکان کو آگ لگا دی، مکان زمیں بوس

لاہور: موچی گیٹ میں ایک داماد نے سسرالیوں کے مکان کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں مکان زمیں بوس ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے موچی گیٹ میں یاسر ریاض نامی شخص نے اپنے سسرال کے مکان کو جلا کر راکھ کر دیا۔

آگ لگنے سے ملزم کا برادر نسبتی شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ آتش زدگی کے باعث 4 منزلہ مکان زمین بوس ہو گیا، مکان میں موجود دیگر اہل خانہ نے دیواریں پھلانگ کر جان بچائی، اور ملزم فرار ہو گیا۔

آگ لگنے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا ہے تاہم مکان میں موجود سامان جل کر راکھ ہو گیا، سسر کا کہنا ہے کہ ملزم میری بیٹی کو غیر اخلاقی کاموں کے لیے بیرون ملک لے جانا چاہتا تھا۔

پولیس نے مکان مالک کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا، ایف آئی آر متن کے مطابق داماد یاسر ریاض نے مکان کو آگ لگائی، وہ بیٹی کو لے جانا چاہتا تھا لیکن بیٹی نے ساتھ جانے سے انکار کر دیا، جس پر داماد نے تشدد بھی کیا اور پھر مکان کو نذر آتش کر دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کر لیے گئے ہیں اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ایس پی سٹی نے کہا کہ ایف ائی آر میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں، تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تحقیقات کی جا رہی ہے، واقعے میں ملوث ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں