لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں واقع علاقے شاہدرہ میں ناخلف بیٹے نے ماں کو کلہاڑیوں کے وار سے زخمی کر دیا۔
نمائندہ اے آر وائی احمر کھوکھر کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں گھریلو جھگڑے کے بعد ناخلف بیٹے نے کلہاڑیوں کے وار سے اپنی سگی والدہ کو شدید زخمی کردیا۔
ماں کی چیخ پکار سُن کر اہل علاقہ نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کی جس کے بعد ڈولفن پولیس کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ماں کو بیٹے کے تشدد سے بچایا۔
پولیس اہلکاروں نے اپنی ماں کو زخمی کرنے والے سنگ دل بیٹے کو حراست میں لے لیا جس پر زخمی ہونے والی خاتون نے پولیس کی منت سماجت کر کے اپنے بیٹے کو تحویل سے چھڑوایا اور قانونی کارروائی سے انکار کردیا۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ بیٹے نے پیسے نہ دینے پر ماں سے جھگڑا کیا اور جب تلخ کلامی حد سے بڑھ گئی تو اُسے نے کلہاڑی سے وار کیا۔ اسپتال انتظامیہ نے ماں کی حالت خطرے باہر بتائی اور مرہم پٹی کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔