(9 اکتوبر 2026): نانا پاٹیکر کے انتقال کے بعد گلوکارہ سونا موہاپاترا نے اداکارہ تنوشری دتہ کی حمایت میں بیان دے دیا۔
سونا موہاپاترا نے ایکس اور انسٹاگرام پر جاری ویڈیو بیان میں اُن لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیا جو نانا پاٹیکر کی فنی خدمات کی تقریف تو کر رہے ہیں لیکن تنوشری دتہ سے یہ توقع بھی کر رہے ہیں کہ وہ اپنے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسانی پر خاموش رہے۔
بھارتی گلوکارہ نے ان لوگوں کو بھی جواب دیا جو نانا پاٹیکر کے فلاحی کاموں کی بنیاد پر ان کیلیے زیادہ احترام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نانا پاٹیکر کی موت معجزہ ہے، دل کو سکون ملا ایک شیطان تو گیا، تنوشری دتہ
ویڈیو بیان میں سونا موہاپاترا نے کہا کہ موت عزت کی حقدار ہے لیکن زندہ لوگ بھی عزت کے حقدار ہیں، کسی اداکار کے انتقال پر افسوس کرنا ایک الگ بات ہے، لیکن ایک متاثرہ عورت سے یہ کہنا کہ وہ چپ رہے یہ بالکل دوسری بات ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کب سے کسی کی موت نے کسی کی زندگی کے تلخ ابواب کو مٹانا شروع کر دیا، کیا بوڑھا ہونا کوئی نیکی بن گیا ہے؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر دنیا سے رخصت ہوگئے وہ ایک بڑے اداکار تھے، لوگ ان کیلیے غمزدہ ہیں اور یہ بات سمجھ میں آتی ہے مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں، مجھے جو چیز پریشان کر رہی ہے وہ تنوشری دتہ پر ہونے والے حملے ہیں۔
’تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر کے خلاف آواز اٹھانے کی بھاری قیمت چکائی ہے۔ اس نے سیٹ پر اپنے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسانی کے بارے میں آواز اٹھائی، ایک طویل اور تھکا دینے والی جنگ لڑی، عوامی سطح پر رسوائی اور کیریئر کے نقصان کا سامنا کیا، اور اب آپ چاہتے ہیں کہ وہ اپنا سارا تجربہ بھول کر آپ کو تسلی دینے کیلیے غم کا ڈرامہ کرے؟‘
گلوکارہ سونا موہاپاترا نے آخر میں کہا کہ کسی کا انتقال اس کی زندگی کے تلخ ابواب کو مٹا نہیں دیتا، آپ کسی فنکار کے کام کو سراہ سکتے ہیں، اس کے جانے پر افسوس کر سکتے ہیں، اس کے خاندان سے ہمدردی کر سکتے ہیں، لیکن آپ کسی عورت سے یہ مطالبہ نہیں کر سکتے کہ وہ آپ کے غم کو آسان بنانے کیلیے اپنی زندگی کی سچائی ہی بدل دے۔


