ممبئی: بھارت کے نامور گلوگار سونو نگم نے اپنی خوفناک تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں سمندری کھانا کھانے کی وجہ سے اسپتال جانا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ میں سونو نگم نے ایک پروگرام میں پرفارم کیا جہاں اُن کو ایک مداح نے سی فوڈ کھانے کی پیش کش کی جسے گلوکار نے قبول کرلیا۔
سونو نگم نے سی فوڈ کھا تو لیے مگر اُس کے بعد اُن کی طبیعت اس قدر ناساز ہوئی کہ انہیں اسپتال منتقل ہونا پڑا اور چہرہ مکمل سوج گیا۔
ویڈیو دیکھیں: بھارتی گلوکار ’’سونونگم‘‘ کا سڑک پربھیس بدل کرفن کا مظاہرہ
گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی دو تصاویر شیئر کرتے ہوئے دوستوں کو ہدایت کی کہ اگر کسی کو خدشہ ہو کہ کوئی بھی چیز صحت کے لیے مضر ہے تو اُس سے پرہیز کرنا ہی عقل مندی ہے، ایسی تمام چیزوں اور کھانوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔
سونو نگم نے بتایا کہ انہیں ممبئی کے نانا وتی اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بروقت علاج کیا اگر ایسا نہ ہوتا تو اُن کی طبیعت مزید ناساز ہوجاتی جس کے بعد کئی پیچیدگیوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا۔
یہ بھی پڑھیں: ’کاش میں پاکستانی ہوتا‘، سونو نگم کو بھارتی ہونے پر مایوسی
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی ٹیسٹ میں اس بات کی تشخیص ہوئی کہ سونو نگم کو سی فوڈ کھانے کی وجہ سے الرجی ہوئی جس کے نتیجے میں اُن کی ایک آنکھ سوجھ گئی اور انہیں ابھی سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔