جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 67 رنز کا ہدف بغیر کسی کے نقصان کے حاصل کرلیا، ڈین ایلگر کو شاندار کارکردگی پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم 211 رنز پر ڈھیر ہوئی، اوپنر کرونا رتنے کی 103 رنز کی اننگز بھی سری لنکا کو شکست سے نہ بچاسکی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نیگیدی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لتھو سمپلا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
پروٹیز اوپنر ڈین ایلگر نے پہلی اننگز میں 127 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ دوسری اننگز میں وہ 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
👀 Dean Elgar grinds his way to a 13th Test century#SAvSL #BetwayTest #SeeMeOnThePitch pic.twitter.com/UZRU3x4hfJ
— Cricket South Africa (@OfficialCSA) January 5, 2021
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 302 رنز اسکور کیے جبکہ سری لنکن ٹیم دونوں اننگز میں 157 اور 211 رنز بناسکی، میزبان ٹیم نے لنکن ٹائیگر ز کی جانب سے دیا جانے والا 67 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم رواں ماہ کے آخر میں پاکستان سے ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی سیریز کھیلنے کے لیے 14 سال بعد پاکستان پہنچے گی۔