کیپ ٹاؤن : جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا،اب جنوبی افریقہ کو عالمی کپ میں مایہ ناز بلّے باز کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے مشہور کھلاڑی جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں تمام طرز کی عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
اے بی ڈی ولیئرز کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ’میرے لیے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے حوالے سے فیصلہ کرنا انتہائی مشکل کام تھا، میں نے اپنے فیصلے کے حوالے کافی سوچ بچار کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا کہ اب میرے ریٹائرمنٹ لینے کا وقت آگیا ہے‘۔
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان نے ویڈیو پیغام میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں، اپنے مداحوں اور کرکٹ جنوبی افریقا کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
I’ve made a big decision today pic.twitter.com/In0jyquPOK
— AB de Villiers (@ABdeVilliers17) May 23, 2018
واضح رہے کہ اے بی ڈی ولیئرز کی اچانک عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان جہاں مداحوں کے لیے حیران کن اور افسوس ناک ہے، وہیں جنوبی افریقہ کے لیے بھی آئندہ برس ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ سے قبل ایک اہم اور بہترین کھلاڑی سے محروم ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ دنیا کے مایہ ناز بلّے باز اور جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے اپنے کرکٹ کے سفر کے دوران 114 ٹیسٹ، 228 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
اے بی ڈی ولیئرز کی ٹیسٹ ایک روزہ کرکٹ میچوں میں 50 سے اوپر کی اوسط سے رن بنائے ہیں۔
خیال رہے کہ اے بی ڈی ولیئرز نے ایک روزہ کرکٹ میچ میں 31 گیندوں پر تیز ترین سینچری بناکر کیوی بلے باز اینڈریسن کا ریکارڈ توڑا تھا جنہوں نے 35 گیندوں پر سینچری مکمل کی تھی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔