بنگلورو کے کیمپی گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جنوبی کوریائی خاتون مسافر نے گراؤنڈ اسٹاف کے ایک اہلکار پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارت میں بنگلورو کے کیمپی گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک جنوبی کوریائی خاتون مسافر نے گراؤنڈ اسٹاف کے ایک اہلکار پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت عفان احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو ایئر انڈیا ایس اے ٹی ایس کے تحت گراؤنڈ اسٹاف کے طور پر کام کرتا تھا، یہ کمپنی بنگلورو ایئرپورٹ پر گراؤنڈ ہینڈلنگ اور کارگو سروسز فراہم کرتی ہے۔
متاثرہ خاتون جو ایک 32 سالہ کاروباری خاتون ہیں اور جنوبی کوریا کی شہری ہیں، نے پولیس کو بتایا کہ وہ جنوبی کوریا جانے والی پرواز کے لیے امیگریشن کلیئرنس مکمل کرنے کے بعد ٹرمینل کی جانب جا رہی تھیں۔ اس دوران ملزم نے انہیں روکا اور بورڈنگ پاس چیک کرنے کا بہانہ کیا۔
ملزم نے دعویٰ کیا کہ خاتون کے چیک ان سامان میں کوئی مسئلہ ہے اور اس سے بیپ کی آواز آ رہی ہے۔ اس نے خاتون کو ڈرا کر کہا کہ اگر وہ دوبارہ عام اسکریننگ کاؤنٹر پر گئیں تو وقت ضائع ہوگا اور پرواز چھوٹ سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس بہانے سے اس نے خاتون کو الگ "مینوئل فرسکنگ” (ذاتی تلاشی) کے لیے مردوں کے واش روم کے قریب لے گیا اور مبینہ طور پر نامناسب انداز میں ہاتھ لگایا، انہیں چھوا اور گلے لگایا۔ واقعے کے بعد ملزم نے "تھینک یو” کہا اور چلا گیا۔
خاتون نے فوری طور پر ایئرپورٹ سیکیورٹی کو اطلاع دی، جس پر عملے نے ملزم کو حراست میں لے کر ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا، جس میں ملزم کا مشکوک رویہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
شواہد کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور عفان احمد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کو سینٹرل جیل، پرپنا اگروہارہ بھیج دیا گیا ہے۔
ایئر انڈیا ایس اے ٹی ایس نے بیان میں واقعے کو "ناقابل معافی” قرار دیتے ہوئے ملزم کی خدمات فوری طور پر ختم کر دی ہیں، ایئرپورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور تمام قانونی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


