لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نے پورے پنجاب کے عوام کی قسمت بدلنے کا عزم کیا ہے، پنجاب میں پائےدار ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے ، نئے بجٹ میں جنوبی پنجاب کی ترقی کےلئے 35فیصد فنڈز مختص کررہے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ان کاکہنا تھا کہ ماضی کی طرح عوام کو دھوکا نہیں دیں گے،کام کریں گے۔تعلیم اور صحت کے شعبے میں تبدیلی کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ضلع لیہ میں تعلیمی و صحت سے وابستہ سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی بہادر سب کیمپس کو نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 352.613ملین روپے کی لاگت سے وسعت دی ، خواتین کی تعلیمی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے گورنمنٹ ویمن کالج رانجن شاہ تحصیل کروڑ لعل عیسن کا 120.00ملین روپے ،گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر فتح پور تحصیل کروڑ لعل عیسن کے قیام کے لئے 16.500ملین روپے کی خطیر رقم سے قیام عمل میں لایا جائے گا۔
صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ اس سلسلے میں تحصیل کروڑ لعل عیسن میں68.420ملین روپے لاگت سے کرکٹ،ہاکی،فٹبال گراؤنڈ واورا سٹیڈیم اور چار دیواری کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔
سابق حکمرانوں نے پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو یکسر نظر انداز کیااور ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث دوردراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ۔
ان کا کیہ بھی کہنا تھا کہ نمائشی حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے شروع کیے اور ان منصوبوں کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا بلکہ قومی وسائل ضائع کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے نئے پاکستان میں عوام کی بنیادی ضروریات پورا کرنے کو اپنا مشن بنایا ہو ا ہے اورحکومت ہر علاقے کی ایک ساتھ اورمتوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔