کراچی : بفرزون میں 7 سالہ مریم ثاقب کے فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے واقعے کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ نے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بفرزون میں 7 سالہ مریم ثاقب کے فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے معاملے پر ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ نے 4رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔
تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، تحقیقاتی ٹیم ایس پی گلبرگ جہانداد کی سربراہی میں کام کرے گی، ٹیم میں ڈی ایس پی شادمان ٹاون محمد جاویدبھی شامل ہیں۔
ایس ایچ او تیموریہ ذوالفقار حیدر،ایس ایچ او شارع نورجہاں قمر جاویدبھی کیس پر کام کریں گے ، تحقیقاتی ٹیم فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کو یقینی بنائے گی۔
ایس ایس پی فیصل عبداللہ چاچڑ کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم روزانہ کیس میں پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کرے گی، ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے وسائل بروے کار لائے جائیں گے۔
یاد رہے کراچی بفرزون کے قریب سات سالہ مریم اندھی گولی کا نشانہ بن گئی تھی، بچی والد کے ساتھ گاڑی میں اسکول جارہی تھی کہ گولی سر پر آ لگی، پولیس کےمطابق مسلح ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا مریم ثاقب زد میں آکر جاں بحق ہوئی۔