(19 جولائی 2026): اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اب زیادہ دور نہیں، اور اس حوالے سے پیشگوئیاں سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین کی نظریں اپنے دوسرے ورلڈ کپ ٹائٹل پر ہیں جو وہ جنوبی افریقا میں اپنی پہلی تاریخی فتح کے 16 سال بعد جیتنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ان کے راستے میں موجودہ چیمپیئن ارجنٹائن کھڑا ہے، جس کا مقصد لگاتار دوسرا ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا ہے۔
اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے ’اوپٹاا‘ کے مطابق 2026 کا ورلڈ کپ جیتنے کیلیے اسپین فیورٹ ہے، اور نیو جرسی میں اس کے ٹرافی اٹھانے کا امکان 59.56 فیصد ہے۔
کئی سابق کھلاڑی اور ماہرین بھی اسپین کی جیت کی امید لگا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فاتح کون ہوگا؟ نئی پیشگوئی سے شائقین فٹبال حیران
انگلینڈ کے سابق اسٹرائیکر مائیکل اوون کا کہنا ہے کہ دنیا کی نمبر دو ٹیم اسپین اس ٹورنامنٹ کی حقدار فاتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپین ایک بہترین ٹیم ہے جو پورے اعتماد کے ساتھ گیند پاس کرتی ہے اور ایک گروپ کی شکل میں شاندار فٹبال کھیلتی ہے۔
بارسلونا اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق اسٹرائیکر زلاٹان ابراہیموچ کو توقع ہے کہ اسپین فائنل میچ پر حاوی رہے گا۔
انگلینڈ کے سابق کپتان جان ٹیری کے مطابق بھی اسپین ہی جیت کا حقدار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیم ارجنٹائن کے مقابلے میں بہت زیادہ مضبوط ہے۔
اسپین کے سابق گول کیپر ائیکر کاسیاس نے ٹیم کی دوبارہ ٹرافی لانے کی صلاحیت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کی ٹیم کے لوگو پر ایک اور ستارہ دکھائی دے رہا ہے۔
اگرچہ زیادہ تر ماہرین کی رائے اسپین کی جیت کے حق میں ہے، لیکن کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ارجنٹائن کے پاس بھی موقع ہے۔
انگلینڈ کے اب تک کے عظیم ترین اسٹرائیکرز میں سے ایک ایلن شیئرر نے ارجنٹائن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ایسی ٹیم ہے جو اسپین کو روک سکتی ہے تو وہ ارجنٹائن ہے کیونکہ ان کی سوچ اور آپسی اتحاد بہت مضبوط ہے۔
ارجنٹائن اس فائنل میچ میں فیورٹ اسپین کو کیسے ہرا سکتا ہے؟ اس بارے میں برطانوی فٹبال ماہر مائیکا رچرڈز کا خیال ہے کہ low-block transition حکمت عملی میں ہے، جس کے تحت ٹیمیں اپنے گول کے قریب پیچھے ہٹ کر دفاع کرتی ہیں، اور جیسے ہی گیند پر قبضہ حاصل ہوتا ہے، وہ تیزی سے دفاعی پوزیشن سے نکل کر جوابی حملہ کر دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ارجنٹائن کو میچ میں اسی طرح بنے رہنے کی ضرورت ہے جیسے وہ انگلینڈ کے خلاف رہے تھے اور جیسے ہی انہیں میچ کا رخ بدلتا ہوا لگے انہیں پورا زور لگا دینا چاہیے۔
انگلینڈ کے ایک اور عظیم کھلاڑی گیری لنیکر ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے کے اپنے فیصلے پر قائم رہے کہ اسپین ہی جیتے گا، لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ ارجنٹائن کے کھلاڑی بہت ضدی اور ہار نہ ماننے والے ہیں۔


