اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفے ایک ساتھ منظور کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق استعفوں کی منظوری ودیگر اہم معاملات پر اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات ختم ہوگئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے ملاقات بے نتیجہ رہی ہے اور اسپیکر نے پی ٹی آئی کے تمام اراکین کے استعفے ایک ساتھ منظور کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی وفد پر واضح کردیا کہ اراکین کے استعفے آئین اور اسمبلی قواعد کے مطابق ہی منظور کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر پی ٹی آئی وفد کو آج بلایا تھا جس پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد نے راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: استعفوں کی منظوری، اسپیکر قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی وفد کی ملاقات
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں پی ٹی آئی وفد نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے استعفے کسی انٹرٹیمنٹ کے لیے نہیں دیے کہ ایک ایک کرکے بلایا جائے۔ ہم نے اجتماعی استعفے اس لیے دیے ہیں کہ عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔