پشاور: ملازمین کا خصوصی الاؤنس 4 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ مقرر کردیا گیا، نئے الاؤنس کا اطلاق پچھلی تاریخ یعنی یکم جولائی 2025 سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اپنے معذور ملازمین کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے ان کے خصوصی کنوینس الاؤنس میں نمایاں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے آفس آرڈر میں بتایا گیا معذور ملازمین کا ماہانہ الاؤنس 4,000 روپے سے بڑھا کر 6,000 روپے مقرر کر دیا گیا ہے، اس فیصلے کے تحت ملازمین کے ماہانہ الاؤنس میں 2,000 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس نئے الاؤنس کا اطلاق پچھلی تاریخ یعنی یکم جولائی 2025 سے ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ ملازمین کو بقایا جات بھی ادا کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہنا تھا کہ "یہ خصوصی کنوینس الاؤنس صرف ان ملازمین کو دیا جائے گا جنہیں مستند طبی بورڈ کی جانب سے باقاعدہ طور پر معذور قرار دیا گیا ہو۔”
پیسکو انتظامیہ کے اس فیصلے کو ملازمین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، کیونکہ موجودہ معاشی صورتحال اور مہنگائی کے دور میں اس اقدام سے معذور ملازمین کو سفری اخراجات کی مد میں بڑا ریلیف ملے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


