تازہ ترین

ملک میں معاشی استحکام کیلئےاصلاحاتی ایجنڈےپرگامزن ہیں، محمد اورنگزیب

واشنگٹن: وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک...

کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل...

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

پاکستان میں پیٹ و جگر کے امراض کے سیکڑوں ماہرین کی کمی کا انکشاف

کراچی: پاکستان میں پیٹ و جگر کے امراض کے سیکڑوں ماہرین کی کمی کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک میڈیکل کانفرنس میں طبی ماہرین نے بتایا کہ پاکستان میں پیٹ اور جگر کے امراض کے لیے سیکڑوں نئے ماہرین کی ضرورت ہے۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے ہفتے کے روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ میڈیکل کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کے بڑے اسپتالوں کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس میں میڈیکل ٹریٹمنٹ کے لیے آنے والے 60 سے 70 فی صد مریض پیٹ اور جگر کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں، جن کے علاج کے لیے سینکڑوں مزید ماہرینِ امراض پیٹ و جگر کی ضرورت ہے۔

پاک جی آئی اینڈ لیور ڈیزیز سوسائٹی کی پانچویں سالانہ کانفرنس میں ملک بھر سے ماہرین امراض پیٹ و جگر نے شرکت کی، پروفیسر شاہد رسول کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت پیٹ اور جگر کے سیکڑوں نئے ماہرین کی ضرورت ہے۔

انھوں نے بتایا کہ جناح اسپتال کے نئے تعمیر ہونے والے میڈیکل کمپلیکس میں گیسٹرواینٹرولوجی کا جدید وارڈ قائم کیا جا رہا ہے، جس کے لیے اگلے چند ہفتوں میں میڈیکل کنسلٹنٹس اور اسپیشلسٹس کی اسامیاں مشتہر کر دی جائیں گی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی جی ایل ڈی ایس کی صدر پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ کمانی کا کہنا تھا کہ ان کی سوسائٹی نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت کے ساتھ ساتھ ریسرچ پر توجہ دے رہی ہے، تاکہ بیماریوں کے علاج میں ہونے والی نئی پیش رفت کو استعمال کر کے پاکستان میں مریضوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی سوسائٹی خواتین گیسٹرو اینٹرولوجسٹس کی تعداد میں اضافے کے لیے بھی کوشاں ہے تاکہ خواتین مریضوں کو علاج معالجے کی جدید ترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انھوں نے اس موقع پر انسانی معدے اور آنتوں میں پائے جانے والے بیکٹیریا ’’ہیلیکو بیکٹر پائلوری‘‘ کے علاج کی گائیڈ لائنز جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔

کانفرنس سے پشاور سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر امراض پیٹ و جگر پروفیسر عامر غفور، ڈاکٹر نازش بٹ، پروفیسر امان اللہ عباسی، پروفیسر ڈاکٹر سجاد جمیل، ڈاکٹر عفان قیصر، ڈاکٹر بخت بلند، ڈاکٹر حسین بلوچ اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔

Comments

- Advertisement -