The news is by your side.

Advertisement

کراچی میں تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، 3 جاں بحق

کراچی میں ماری پور روڈ پر تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان موٹر سائیکل پر سوار تھے جو تیز رفتار ٹرالر کی زد میں آ گئے، جاں بحق ہونے والے تین نوجوانوں کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ٹرالر تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

گزشتہ ماہ 17 فروری کو شہر قائد میں سڑکوں پر دندناتے بے قابو ٹرالر اور ڈمپر نے ایک ہی دن میں خاتون اور بچے سمیت 6 افراد کو کچل کر موت کی نیند سلا دیا تھا۔

ڈیفنس فیز ٹو میں ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔

ملیر کینٹ کے قریب ٹرالر کی ٹکر سے شہری جاں بحق ہوا تھا، دوسرے حادثے کی وجہ بھی تیز رفتار ٹرالر بنا جس نے اسٹیل ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا تھا۔

رات گئے کراچی کے علاقے کیمارٹی میں ایک اور ٹریفک حادثہ ہوا تھا جس میں ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، ریسکیو ذرائع کے مطابق سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔

تمام لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سڑکوں پر حادثات کی وجہ بننے والے دندناتے ڈمپرز اور ٹرالر مالکان اور ڈرائیورز کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے کے باعث ایسے خوفناک حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں