تازہ ترین

کمر میں شدید درد، نوجوان اسپتال پہنچا تو تین گردے نکل آئے

برازیلیا: برازیلین شہری کمر درد کی وجہ سے اسپتال پہنچا تو انکشاف ہوا کہ اُس کے دو نہیں بلکہ تین گردے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کے علاقے ساؤ پاؤلو سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ نوجوان کو کمر میں شدید درد کی شکایت تھی، وہ دو روز قبل ڈوریم اسپتال ڈاکٹر کے پاس معائنہ کرانے کے لیے پہنچا۔

ڈاکٹر نے درد کی تشخیص کے لیے چند ضروری ٹیسٹ لکھ کر دیے جن میں سی ٹی اسکین بھی شامل تھا۔

نوجوان کا سٹی اسکین جاری تھا تو ڈاکٹر اسکرین کو دیکھ کر حیران رہ گئے کیونکہ اُس میں دو کی جگہ تین گردے نظر آرہے تھے، رپورٹ اور فلموں کا بغور مشاہدہ کرنے کے بعد ڈاکٹرز نے نوجوان کو بتایا کہ اُس کے دو نہیں بلکہ تین گردے ہیں۔

ڈاکٹر کے مطابق مریض کے جسم کے بائیں طرف معمول کے سائز کا گردہ جبکہ دائیں طرف قدرے چھوٹے سائز کے دو گردے ہیں جو آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر کے مطابق کمر میں درد مہروں کی وجہ سے ہوا جس کی دوا دے کر درد کو کنٹرول کرلیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق نوجوان کو گردوں کی وجہ سے کبھی کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا اور وہ مکمل صحت مند زندگی گزار رہا ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق ایسے کیسز شاز و نادر ہی ہوتے ہیں، دنیا بھر میں اب تک ایسے 100 سے بھی کم افراد سامنے آئے ہیں جن کے دو سے زائد گردے ہیں۔

Comments

- Advertisement -