اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد وکلا کے بیانات این آر او کی بھیک ہے۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وکلا کے بقول چیئرمین پی ٹی آئی بات چیت کرنا چاہتے ہیں، واضح ہوگیا وہ این آر او چاہتے ہیں جس کیلیے پیغامات دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب سمجھ آگئی ہوگی بشریٰ بی بی کیوں مختلف لوگوں سے ڈیل کیلیے ملاقاتیں کرتی رہیں، کچھ روز قبل نجی ٹی وی پر طاہر اشرفی نے بھی اس بات کا انکشاف کیا تھا، انہوں نے بتایا تھا کہ سابق وزیر اعظم کی قریبی شخصیت نے دوست مملک سے ڈیل کیلیے رابطے کیے۔
’وہ شخصیت یقیناً صدر مملکت عارف علوی ہی ہو سکتے ہیں۔ صدر اپنے منصب کا غلط استعمال کر کے این آر او کی کوششیں کر رہے ہیں۔‘
کچھ روز قبل ترجمان پی ڈی ایم نے بشریٰ بی بی کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ وہ ہوٹل میں اسلامی ملک کی اہم شخصیت سے کیوں ملیں؟ شخصیت کو یہ بھی کہا گیا شوہر ملک سے باہر جانے کو تیار ہیں۔
حافظ حمد اللہ نے کہا تھا کہ آج قوم کو بتا دوں کہ سابق وزیر اعظم اب باہر جانے کیلیے منتیں کر رہا ہے، ثابت ہوگیا ملک میں اشرافیہ کیلیے الگ اور عوام کیلیے الگ قانون ہے۔