اسلام آباد: اسکواش فیڈریشن نے پاکستان میں مرد اور خواتین کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد کا اعلان کردیا، چیمپئن شپ 17 سے 24 دسمبر تک وفاقی دارالحکومت میں کھیلی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں 17 سے 24 دسمبر تک اسکواش کے عالمی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے مقابلے منعقد کرنے کا یہ اعزاز پاکستان کو 19 سال بعد حاصل ہوگا جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ میں بھارت، ہانگ کانگ، ملائیشیا، فرانس، آسٹریلیا، امریکا، اسپین، پرتگال، آئرلینڈ اور ایران سمیت دیگر مختلف ممالک کے کھلاڑی حصہ لیں گے جبکہ بھارتی خاتون اسکواش پلیئر سچیکا انگالے بھی شرکت کریں گی۔
طاہر سلمان کا کہنا تھا کہ جیتنے والی خواتین کھلاڑیوں کو 25 ہزار جبکہ مردوں کو 50 ہزار ڈالر کی رقم بطور انعام دیا جائے گا۔