شارجہ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے بلے بازوں چاریت اسلانکا اور بھانوکا راجا پاکسے نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
چاریت اسلانکا نے پانچ بلند وبالا چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 80 رنز بنائے، جبکہ بھانوکا راجا پاکسے 31 گیندوں پر نصف سینچری کرتے ہوئے 53 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بنے۔
بنگلہ دیشی بولرز دونوں بلے بازوں کے سامنے بے بسی کی تصویر نظر آئے، شکیب الحسن اور نسیم احمد نے 2 دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: شکیب الحسن نے شاہدآفریدی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
اس سے قبل بنگلہ دیش نے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے، محمد نعیم 62 اور مشفق الرحیم نے 31 گیندوں پر 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔
واضح رہے کی سری لنکا کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سپر بارہ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا تھا جبکہ بنگلہ دیش نے بھی کوالیفائی راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سپر بارہ مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی۔