ممبئی: دبئی میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرجانے والی بھارتی فلموں کی مشہور اداکارہ سری دیوی کے قریبی عزیز سنجے کپور نے کہا ہے کہ وہ کبھی دل کے عارضے میں مبتلا نہیں رہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی میڈیا کو انٹر ویو دیتے ہوئے کیا، بھارتی اداکار اور سری دیوی کے قریبی عزیز سنجے کپور کا کہنا تھا کہ اداکارہ نے کبھی نہیں کہا کہ انہیں دل کا عارضہ لاحق ہے، اور نہ ہی اس سے قبل ایسی کوئی شکایت تھی۔
بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب اداکارہ کا انتقال ہوا اس وقت وہ دبئی کے مقامی ہوٹل کے روم میں تھیں، اچانک اس موت کے بعد پورا خاندان گہرے صدمے کا شکار ہے۔
خیال رہے سری دیوی گذشتہ دنوں اپنے اہل خانہ کے ساتھ قریبی عزیز کی شادی کی تقریب کے سلسلے میں دبئی کے مقامی ہوٹل میں مقیم تھیں جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
سری دیوی کی زندگی کی آخری ویڈیو
یاد رہے کہ مقبول اداکارہ نے تامل، تیلگو، ملیالم اور ہندی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ وہ نوے کی دہائی میں اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں۔انہیں بالی ووڈ انڈسٹری میں پہلی خاتون سپراسٹار بھی تصور کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے انڈیا سینما کو یکسر بدل دیا جس کے بعد انہیں دو ہزار تیرہ میں بھارت کے چوتھے بڑے شہری ایوارڈ پدم شری سے بھی نوازا گیا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔