سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کے 8 کھلاڑی کل وطن واپس جارہے ہیں۔
ذرائع سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں کل پاکستان سری لنکا دوسرا ون ڈے میچ مؤخر ہوسکتا ہے، پاکستان، زمبابوے، سری لنکا ٹرائی سیریز بھی ری شیڈول کا امکان ہے۔
وزیرداخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سری لنکن ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی اقدامات پربریف کریں گے، کچھ دیر بعد محسن نقوی ٹیم ہوٹل میں سری لنکا کے 16 کھلاڑیوں سے ملیں گے۔
یہ پڑھیں: محسن نقوی سری لنکن کرکٹرز کو فول پروف سیکیورٹی اقدامات پربریف کریں گے، ذرائع
دورہ پاکستان کےلیے آئے ہوئے سری لنکن کرکٹرز نے اپنے کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ وہ دورہ ختم کرکے سری لنکا واپس آنا چاہتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزارت داخلہ کی طرف سے سری لنکن کرکٹرز کو پاکستان میں مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
سری لنکن کرکٹرز کے بےبنیاد خدشات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹرز کی طرف سے اس طرح کی درخواست بلاجواز نظر آتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کرکٹر بورڈ پوری کوشش کررہا ہے کہ اس دورے کو بچایا جائے اور اگر صورتحال پیچیدہ ہوتی ہے تو شاید دو تین دن کےلیے یہ ٹور ری شیڈول ہوجائے۔


