تازہ ترین

گیس کمپنی نااہلی سے گیس لیکج کا تاوان صارفین سے وصول کرنے لگی، دستاویزات میں بڑا انکشاف

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی آئی ٹی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ کمپنی اپنی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے ہزاروں گیس لیکج شکایات کے باوجود نقصان کا تاوان صارفین سے وصول کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی کی نااہلی نے اپنے ہی تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، گیس لیکج کی وجہ سے لاکھوں صارفین کو سلو میٹر کے نام سے کروڑوں روپے ماہانہ کے بلز جاری کیے جا رہے ہیں۔

ایس ایس جی سی نے اپنی نااہلی اور غفلت کے نقصان کا تاوان صارفین سے وصول کرنا شروع کر دیا، گیس لیکجز کی وجہ سے کراچی میں گیس کی بندش کے اوقات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

شہر قائد میں ایس ایس جی سی کے سسٹم میں انڈر گراؤنڈ اور مین لائن گیس لیکجز کی لاکھوں شکایات موصول ہو چکی ہیں، اس سلسلے میں ایس ایس جی سی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار میں ہول ناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔

گیس کے چولھے پر کھانا پکانا کتنا نقصان دہ ہے؟ سائنس دانوں کی نئی تحقیق

دسمبر تا جنوری شہر قائد میں زیر زمین گیس لیکجز اور مین لائن سمیت دیگر گیس لیکجز کی 1 لاکھ 70 ہزار 650 شکایات درج کروائی گئیں، دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ شکایات پر کوئی فوری ایکشن نہیں لیا گیا ور لاکھوں شکایات تا حال حل ہونے کی منتظر ہیں۔

آئی ٹی دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ شکایات ضلع وسطی میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 6 ہزار سے زائد درج ہیں، کراچی شرقی میں 15 ہزار 752 شکایات درج کرائی گئیں، جب کہ کراچی غربی میں 48 ہزار 420 شکایات درج کرائی گئیں۔

ڈسٹری بیوشن نظام کی خرابی سے متعلق بھی 40 ہزار 665 شکایات درج کی گئی ہیں۔

‘حکومت کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ نئے ٹیکس لگانا ہوں گے’

اوگرا قانون کے تحت 24 سے 48 گھنٹوں میں ان شکایات کا ازالہ ضروری ہے، لیکن دستاویزات کے مطابق 24 گھنٹوں میں صرف 297 شکایات پر کام کیا گیا۔

دسمبر اور جنوری میں ایمرجنسی گیس لائن پھٹنا اور لیکجز کی 18 سو سے زائد شکایات درج کی گئی ہیں، جن میں سے صرف 150 کے قریب شکایات 24 گھنٹوں میں حل کی گئیں۔

شکایات پر کام نہ ہونے کے سبب میں شہر میں گیس لیکج اور گیس لوڈ شیڈنگ عروج پر پہینچ گئی ہے، درج شکایات میں سروس والوو، ریگولیٹر لیک، بند میٹر سے گیس کا اخراج، پی یو جی اور کمرشل میٹر پر پی یو جی کی شکایات شامل ہیں۔

شہر قائد میں تاحال لیکجز، سپلائی لائن سے گیس کا اخراج اور خراب میٹر کی شکایات حل نہ ہو سکی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ شکایات حل نہ ہونے کے سبب ایس ایس جی سی کے یو ایف جی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Comments

- Advertisement -