کراچی (17 جولائی 2026): سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ’سہولت وین‘ کے نام سے نئی سہولت متعارف کروا دی۔
ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’سہولت وین‘ ایک موبائل کسٹمر فیسلیٹیشن یونٹ ہے، جس کا مقصد صارفین کو ان کی دہلیز پر گیس کی بنیادی خدمات فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کو روزمرہ کی شکایات کے ازالے اور سروس کی درخواستوں کیلیے خود کسٹمر فیسلیٹیشن سینٹرز جانے کی ضرورت نہ پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: گیس پریشر کے حوالے سے ایس ایس جی سی نے اہم قدم اٹھا لیا
بیان میں کہا گیا کہ ’سہولت وین‘ صارفین کو گیس لیکج، کم پریشر، خراب میٹرز سے متعلق شکایات، بلوں کے تنازعات، بلنگ کی غلطیوں کی درستگی، ڈپلیکیٹ بلوں کی موقع پر ہی پرنٹنگ، کنکشن حاصل کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں رہنمائی جیسی خدمات فراہم کرے گی۔
ایس ایس جی سی نے سروس کے آغاز کیلیے گلستان جوہر کا انتخاب وہاں کے صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات اور درخواستوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے کیا ہے۔



