جمعرات, نومبر 13, 2025
اشتہار

اسٹیٹ بینک نے ”پاکستانی معیشت کی کیفیت“ پر سالانہ رپورٹ جاری کردی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: اسٹیٹ بینک نے ”پاکستانی معیشت کی کیفیت“ پر سالانہ رپورٹ جاری کردی، مالی سال 25-2024 میں میکرواکنامک استحکام مزید مضبوط ہوا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محتاط زری پالیسی اور مالی نظم و ضبط نے معاشی استحکام میں کردار ادا کیا، مالیاتی خسارہ گزشتہ 9 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا، بنیادی توازن مسلسل دوسرے سال سرپلس میں رہا۔

اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ جی ڈی پی نمو بلند رہی،خدمات اورصنعتی شعبےمیں بحالی دیکھی گئی، مہنگائی 8 سال کی کم ترین سطح پر 23.4 سے کم ہوکر 4.5 فیصد پر آگئی۔

پالیسی ریٹ میں 1100 بیسس پوائنٹس کمی کی گئی، جی ڈی پی کی شرح نمو بلند رہی، خدمات اور صنعتوں میں بحالی ہوئی، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، جاری کھاتے میں نمایاں سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔

مرکزی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیرونی قرضوں کی آمد سے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ اور روپے میں استحکام ممکن ہوا۔

بچت میں کمی ملکی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، کم آمدنی، مہنگائی اور مالیاتی خسارے نے بچت کے رجحان کو محدود کیا، حکومت کے بینکوں پر انحصار سے نجی شعبے کا قرضہ متاثر ہوا، موسمیاتی تبدیلی اور سیلاب نے معیشت اور مالی کھاتوں پر دباؤ بڑھایا۔

اسٹیٹ بینک نے کہا کہ سیاسی و معاشی عدم استحکام نے سرمایہ کاری کے ماحول کو متاثر کیا، پائیدارترقی کےلیے ساختی اصلاحات ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بہتر معاشی حالات اور پالیسی استحکام سے کاروباری اعتماد بحال ہوا، بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی، مالی سال 26 میں جی ڈی پی نمو 3.25 سے 4.25 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

زرعی اجناس کی قلت سے درآمدات میں اضافہ متوقع ہے، عالمی سست روی کے باعث برآمدات محدود رہنے کا امکان ہے، ترسیلات زر میں تسلسل سے جاری کھاتے کا خسارہ قابو میں رہنے کی توقع ہے

اسٹیٹ بینک نے رپورٹ میں مزید کہا کہ مالی سال 26 میں مہنگائی 5 تا 7 فیصد کے ہدف سے بڑھ سکتی ہے، مجموعی طور پر مہنگائی مالی سال 27 میں دوبارہ ہدف کے قریب آنے کا امکان ہے، ملکی طلب محدود اور عالمی اجناس کی قیمتیں سازگار رہنے کی توقع ہے۔

+ posts

انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں