کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ ملک میں متعدد اےٹی ایم ہیک ہوگئے ہیں جنہیں اسکمنگ کے ذریعے کلون کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے اسکمنگ کے واقعات کا نوٹس لے لیا، متعلقہ بینک کو صارفین کو پوری ادائیگی کرنے کی ہدایت کردی، اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لئے گئے، ہیکرز نے پاسورڈ چوری کرکے چھ سو سے زائد بینک اکاؤنٹس خالی کردیئے۔
اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک اعلامیہ جا ری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں متعدد اے ٹی ایمز ہیک ہوگئے ہیں، ایک بینک کے اے ٹی ایم اسکمنگ کے ذریعے کلون کردیئے گئے۔
اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا ہے کہ جعلی اے ٹی ایم کارڈز اندرون اور بیرون ملک استعمال کئےگئے، سائبر کرائم کی اس واردات میں صارفین کا ایک کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ متعدد اے ٹی ایم کارڈز بلاک جبکہ مشکوک اےٹی ایم مشینیں بھی بند کردی گئیں ہیں، ابھی تک 296 صارفین نے متنازع لین دین کی تصدیق کی ہے اور تخمینے کے مطابق متعلقہ بینک کو اپنے صارفین کے حوالے سے 10.2 ملین روپے کا نقصان ہوا ہے۔
مذکورہ بینک نے ڈپازٹرز کو ان کے نقصان کے مساوی رقم واپس کرنا بھی شروع کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: ہیکرز نے اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لیے
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے پوش علاقے میں شاپنگ سینٹر سے اے ٹی ایم پاس ورڈز ہیک کرکے بھاری رقوم نکلوانے کا انکشاف ہوا تھا، ڈیفنس میں ایک بینک کے صارف کی رقم اگلے دن چین کے شہر شنگھائی میں نکالی گئی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں کراچی کے ایک اور کھاتےدار کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ روپے نکالے گئے، اس حوالے سے ایف آئی اے نے اپنی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔