واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے ٹیرف سے متعلق فیصلے پر پھر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا مایوس کن رولنگ کے باوجود ملک محفوظ ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹیٹ آف یونین سے خطاب میں سپریم کورٹ کے ٹیرف سے متعلق فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے مایوس کن قرار دے دیا۔
اپنے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سپریم کورٹ نے ٹیرف کے خلاف فیصلہ دیا، تاہم اس کے باوجود ملک محفوظ ہے اور دیگر ممالک اب بھی امریکا کو ٹیرف دینے پر رضامند ہیں۔
عدالتی فیصلے کے باوجود ان کی تجارتی پالیسی مؤثر ثابت ہو رہی ہے، مجھے ایک بحران زدہ ملک ورثے میں ملا تھا لیکن ٹیرف کے ذریعے ہماری آمدنی میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔
ٹرمپ نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں انڈوں کی قیمتوں میں 60 فیصد تک کمی آئی ہے، جبکہ ادویات کی قیمتیں بھی کم کی جا رہی ہیں، جس میں ماضی کے صدور کامیاب نہیں ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہیلتھ کیئر نظام میں بھی تبدیلی چاہتے ہیں تاکہ بڑی انشورنس کمپنیوں کے بجائے براہ راست عوام کو مالی سہولت فراہم کی جا سکے، تاکہ لوگ اپنی صحت سے متعلق فیصلے خود کر سکیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


