اسلام آباد : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا اسٹیٹس تبدیل ہوگیا، میچز ورلڈ کپ سپرلیگ کی بجائے دو طرفہ سیریز شمار کیے جائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے راولپنڈی میں کھیلنے جانے والے تین روزہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کا اسٹیٹس کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچز ورلڈ کپ سپرلیگ کے بجائے دو طرفہ سیریز شمار کیے جائیں گے تاہم کیوی کھلاڑی ورلڈ کپ لیگ کے میچز کھیلنے کےلیے آئندہ برس دوبارہ پاکستان آئے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ فیصلہ ڈی آر ایس کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈی آر ایس ورلڈ کپ سپرلیگ کی پلیئنگ کنڈیشنز کا ضروری حصّہ ہے۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان پہنچ گئی
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 15 ستمبر کو انٹراسکواڈ میچ شیڈول ہے جب کہ ون ڈے سیریز کا آغاز 17 ستمبر سے راولپنڈی میں ہوگا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اٹھارہ برس بعد پاکستان پہنچی ہے، آخری مرتبہ کیوی کھلاڑیوں نے 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔