کراچی : سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے تاریخی فیصلہ کرلیا ہے۔ شیئر ہولڈرز کے لیے پہلی بار عبوری منافع کا اعلان کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بورڈ اجلاس چیئرپرسن رفعت سلطانہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تین سالہ مالی منصوبہ بندی، کیش فلو اور نیپرا ٹیرف کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمپنی کی منافع پالیسی کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی۔ ایس ٹی ڈی سی نے پہلی بار شیئر ہولڈرز کے لیے عبوری منافع کا اعلان کردیا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 38ویں اجلاس میں منظور ہونے والا یہ فیصلہ صوبے کے پاور سیکٹر میں مالی استحکام اور بہتر گورننس کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
پالیسی کے مطابق رجسٹرڈ شیئر ہولڈرز کو فی شیئر تین روپے 27 پیسے ادا کیے جائیں گے۔ ایس ٹی ڈی سی کی 132 کے وی ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کے الیکٹرک کو بجلی فراہم کررہی ہے۔
نوری آباد پاور کمپنی کے 100 میگا واٹ منصوبے سے کے کے ڈی اسکیم 33 گرڈ کو بجلی کی ترسیل کی جاتی ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ مالی سال میں کمپنی کے کیش فلو میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے، جس سے نہ صرف عبوری منافع کی ادائیگی ممکن ہوئی بلکہ مستقبل کے آپریشنل اور توسیعی منصوبوں کے لیے بھی مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے۔
اجلاس کے بعد بورڈ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایس ٹی ڈی سی نہ صرف مضبوط مالی بنیاد رکھتی ہے بلکہ اس کی آپریشنل کارکردگی بھی معیاری اور مستحکم ہے۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


