اسلام آباد : پاک بحریہ کے لیے تیار جدید ترین جنگی بحری جہاز کی رومانیہ میں اسٹیل کٹنگ کی تقریب ہوئی، جہاز جدیدترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ کے لیے تیار جدید ترین جنگی بحری جہاز کی اسٹیل کٹنگ کی تقریب ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ اسٹیل کٹنگ کی تقریب رومانیہ کےڈیمن شپ یارڈمیں منعقد ہوئی، رومانیہ میں پاکستان کےسفیر ظفر اقبال تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔
پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ جہاز جدیدترین ہتھیاروں اورٹیکنالوجی سےلیس ہو گا ، دوجہاز پی این ایس یرموک اور پی این ایس تبوک پہلے ہی بیڑے میں شامل ہوچکے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ مہمان خصوصی نے بحری امن کےحوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر شپ یارڈ انتظامیہ کو سراہا۔
پاک بحریہ کا مزید کہنا تھا کہ جہازوں کی پاک بحریہ میں شمولیت سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔