کراچی : مالی بدحالی کا شکار پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین کے سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے محروم رہ جانے کاخدشہ ہے۔
حکومت کی جانب سے اسٹیل مل کیلئے بیل آؤٹ پیکیج کے اجراء میں تاخیر کے باعث ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا ہے ۔اسٹیل ملز ملازمین جون، جولائی اور اگست کی تین ماہ کی تنخواہ سے محروم ہیں۔
تنخواہ کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین کے رواں ماہ قربانی کے فریضے کے ادائیگی سے محروم رہ جانے کا خدشہ ہے ۔
اس ضمن میں ملازمین کا کہنا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اسٹیل مل ملازمین کو ہنگامی بنیادوں پر تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے کیونکہ ملازمین شدید تنگدستی کا شکار ہوگئے ہیں اور ملازمین کیلئے گھر چلانے کے معاملات پورا کرنے مشکل ہوتا جا رہا ہے۔