کراچی : پاکستان میں اسٹیم سیل ریسرچ نے طبی میدان میں نئے امکانات کے دروازے کھول دیے ہیں، جو طب کے مستقبل کو نئی شکل دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جدید اسٹیم سیل اور ری جنریٹو میڈیسن کی تحقیق مریضوں کے لیے نئی امید پیدا کر رہی ہے اور پاکستان میں طبی جدت کے نئے راستے کھول رہی ہے۔
آغا خان یونیورسٹی کے محققین اور معالجین صحت کے شعبے کو محض بیماری کے علاج سے آگے لے جا کر معیارِ زندگی میں بہتری اور صحت کی بحالی پر کام کر رہے ہیں۔
اسٹیم سیل تحقیق ری جنریٹو میڈیسن کی بنیاد ہے، جو علامات کے علاج کے بجائے خراب یا متاثرہ بافتوں کی مرمت اور تبدیلی پر توجہ دیتی ہے۔ دنیا بھر میں یہ طریقہ کار پیچیدہ بیماریوں کے علاج اور صحت یابی کے طویل مدتی نتائج پر مرکوز ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو دائمی یا جان لیوا بیماریوں کے شکار ہیں، جہاں موجودہ علاج محدود ثابت ہوتے ہیں۔
آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر اور ڈائریکٹر، سینٹر فار ری جنریٹو میڈیسن سید عاطر انعام نے کہا "ہماری توجہ ایسی تحقیق پر ہے جو مریضوں کی زندگیوں پر حقیقی اثر ڈالے، عالمی سائنسی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہو اور علاقائی صحت کی ترجیحات کو مدنظر رکھے۔ ہمارا مقصد ایسا علم پیدا کرنا ہے جو مستقبل میں پاکستان میں علاج معالجے کو بہتر بنا سکے۔”
کم وسائل والے ممالک میں اسٹیم سیل ریسرچ کے لیے چیلنجز موجود ہیں، جیسے محدود وسائل، تحقیقی بنیادی ڈھانچے کی کمی اور طویل المدتی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ تاہم آغا خان یونیورسٹی صلاحیت سازی، شعبوں کے درمیان تعاون، محققین کی تربیت اور مقامی مہارت کو مضبوط بنانے والی شراکت داریوں کے ذریعے ان رکاوٹوں پر قابو پا رہی ہے۔
اسسٹنٹ پروفیسر، سینٹر فار ری جنریٹو میڈیسن آغا خان یونیورسٹی ڈاکٹر اظہر حسین نے کہا "تحقیق کے لیے مسلسل تعاون اور سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ سائنسی کامیابیاں راتوں رات حاصل نہیں ہوتیں۔ افراد، نظام اور اخلاقی تحقیقی طریقوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہم دیرپا اثرات پیدا کر سکتے ہیں۔”
ری جنریٹو میڈیسن کے لیے طویل المدتی وژن کے تحت، آغا خان یونیورسٹی کا مقصد پائیدار تحقیقی صلاحیت قائم کرنا، عالمی سائنسی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا، اور ایسی زندگی بدلنے والی علاجی راہوں کی بتدریج ترقی میں معاونت کرنا ہے جو محفوظ، منصفانہ اور پاکستان کی صحت کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


