آسٹریلیا کے مایہ ناز بیٹر اسٹیو اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں کئی ریکارڈ توڑ دیے۔
ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں اسٹیو اسمتھ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 518 رنز بنالیے اور انگلینڈ کے خلاف 134 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
اسٹیو اسمتھ 129 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 163 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس اننگز کے ساتھ اسمتھ، ڈان بریڈ مین کے بعد ایشیز کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، ایلن بارڈر نے 37 میچز میں 5028 رنز بنائے ہیں جبکہ اسمتھ 41 میچز میں 3682 رنز بنالیے ہیں۔
انگلینڈ کے جیک ہوبز فہرست میں 3636 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اسٹیو اسمتھ ایشیز کی تاریخ میں 13 سنچریاں اسکور کرنے والے دوسرے بیٹر بن گئے ہیں، ڈان بریڈ مین 19 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، انگلینڈ کے جیک ہوبز 12 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
آسٹریلیا کے لیجنڈ بیٹر نے 37 ویں سنچری اسکور کرکے راہول ڈریوڈ کی 36 سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے، سچن ٹنڈولکر 51 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جنوبی افریقا کے جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔


