تازہ ترین

اسد عمر کے استعفے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں مندی

کراچی: وزیر خزانہ اسد عمر کی وزارت خزانہ چھوڑنے سے متعلق مصدقہ اطلاعات کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں 145 پوائنٹس کی کمی واقع ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اسد عمر کے وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی چھا گئی، کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 145 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

کاروبار میں مندی کے بعد 100 انڈیکس 36 ہزار 600 پوائنٹس کی سطح سے نیچے آگیا۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی تھی، منگل کے روز 100 انڈیکس کی 37 ہزار 400 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تھی۔

تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں 20 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور کاروباری حجم 9.16 فیصد کم ہوگیا، جبکہ 56.72 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس 37 ہزار 697 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔

رواں ہفتے کے آغاز پر سرمایہ کاری مالیت میں 20 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ 80 ہزار 556 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 76 کھرب 61 ارب 91 کروڑ 40 لاکھ 33 ہزار 206 روپے ہوگئی تھی۔

خیال رہے کہ اسد عمر نے کچھ دیر قبل ایک ٹویٹ کیا تھا جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اب کابینہ میں کوئی وزارت اپنے پاس نہیں رکھیں گے۔

ٹویٹر پیغام میں انہوں نے اے آر وائی نیوز کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابینہ میں رد و بدل کے عمل میں وزیر اعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کے بجائے توانائی کی وزارت سنبھالوں، تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔

Comments

- Advertisement -