کراچی: ملک کی معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کی اسٹاپ لسٹ سامنے آگئی جس میں ایک ہزار سے زائد افراد کے نام شامل ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ذرائع نے بتایا کہ اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کی تعداد ہزار سے زائد ہوگئی، ابتدائی طور پر فہرست میں اعلیٰ عہدے داروں کے معاونین کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کے قریبی ساتھی و افسران لسٹ میں شامل ہیں جبکہ سابق حکومتوں میں شامل سیاسی شخصیات اور سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔
فہرست میں تاجر، بلڈر اور صنعت کاروں کے نام شامل ہیں جبکہ بدعنوانی، ٹیکس چوری اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے منسلک شخصیات کے نام بھی ہیں۔
علاوہ ازیں کرنسی، چینی اور پیٹرول کی اسمگلنگ میں ملوث افراد اور سیاسی جماعت کی فنڈنگ کرنے والی شخصیات کے نام بھی فہرست میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق تمام ایئرپورٹس پر امیگریشن عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کو سفر کرنے سے روکا جائے۔