جمعہ, جنوری 24, 2025
اشتہار

بدین : تیز ہواؤں اورمٹی کا طوفان، 40 گھرجل کر خاکستر

اشتہار

حیرت انگیز

بدین : مٹی کے طوفان نے ضلع بدین میں تباہی مچا دی۔ گرد آلود ہواؤں نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ بدین کے ساحلی علاقوں میں فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ مختلف گوٹھوں میں تیز ہوا کے باعث لگنے والی آگ نے 40 سے زائد گھروں کو نذر آتش کر دیا۔

ضلع بدین میں مٹی کے طوفان اور تیز ہوا کے باعث مختلف گوٹھوں میں آگ لگنے کے مختلف واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، ریسکیو حکام کے مطابق بدین کے تعلقہ گولارچی ، تعلقہ تلہار اور تعلقہ بدین کے گاؤں یوسف سومرو میں آگ کی وجہ سے 40گھر جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔

اس دوران ضلع بھر کی 7 فائر ٹینڈرز کی جانب سے مختلف ریسکیو اپریشن کئے گئے لیکن ان میں سے کسی بھی جگہ بروقت نہ پہنچنے کے سبب شہریوں کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ صرف بدین کے گاؤں یوسف سومرو میں لگنے والی آگ نے 20 سے زائد گھروں کو پل بھر میں جلا کر خاک کر دیا۔

- Advertisement -

ریسکیو ذرائع کے مطابق گوٹھوں میں کھانا پکانے کے لئے لکڑی جلائی جاتی ہے اور گھر کچے ہوتے ہیں تیز ہوا کے باعث لکڑی کی آگ کی چنگاریوں نے کچے گھروں میں آگ بھڑکا دی جسے بروقت کنٹرول نہ کئے جانے کے سبب شہریوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

گاؤں یوسف سومرو میں متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ جبکہ اسی گائوں میں 5 بکریاں بھی تیز آگ کی لپیٹ میں آ کر جل گئیں۔ بدین شہر میں مٹی کے طوفان کے باعث سائن بورڈ اکھڑ گئے جبکہ گردآلود ہواؤ ں نے نظام زندگی معطل کئے رکھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں