مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ خوفناک منظر نامے خاص طور پر آبنائے ہرمز کی غیریقینی صورتحال نے عالمی معیشت کے ماہرین کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔
آبنائے ہرمز جو محض 21 میل چوڑائی کا تنگ سمندری راستہ ہے، دنیا کی تقریباً 20 فیصد یومیہ تیل کی ترسیل کا اہم مرکز ہے۔
سعودی عرب، عراق، کویت اور متحدہ عرب امارات جیسے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک کے لیے سمندر تک پہنچنے کا یہی ایک اہم راستہ ہے، اگر یہ راستہ بند ہوجائے تو عالمی معیشت شدید متاثر ہوسکتی ہے۔
حالیہ کشیدگی کے دوران اس گزرگاہ سے جہازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو نہ صرف تیل بلکہ عالمی سپلائی چین بری طرح متاثر ہوسکتی ہے، جس کے اثرات ایندھن سے لے کر اشیائے خوردو نوش تک ہر چیز کی قیمت میں اضافے کی صورت میں سامنے آسکتے ہیں۔
امریکا و اسرائیل حملوں کے بعد موجودہ جنگی صورتحال میں آبنائے ہرمز ایران کے سب سے بڑے ہتھیار کے طور پر سامنے آرہا ہے جہاں پاسداران انقلاب کی گرفت بہت مضبوط دکھائی دے رہی ہے، جس کے سبب امریکی حکام لاکھ کوشش کے باوجود سے کھلوا نہیں پارہے۔
جغرافیائی لحاظ سے یہ گزرگاہ ایک حساس مقام پر واقع ہے، جہاں ایک طرف ایران کا ساحل جبکہ دوسری جانب عمان اور خلیجی ممالک موجود ہیں، تنگ راستہ ہونے کے باعث بڑے آئل ٹینکرز مخصوص محدود راستوں سے گزرتے ہیں، جس سے یہ علاقہ مزید حساس بن جاتا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ایران روایتی بحری جنگ کے بجائے ’غیر روایتی حکمت عملی‘ استعمال کرتا ہے، جس میں سمندری بارودی سرنگیں، اینٹی شپ میزائلز اور تیز رفتار کشتیوں کے ذریعے حملے شامل ہیں۔
اس حکمت عملی کا مقصد سمندری راستے کو مکمل بند کرنا نہیں بلکہ اسے اس قدر خطرناک بنا دینا ہے کہ جہازوں کی آمد و رفت متاثر ہوجائے۔
اسی لیے یہ سوال بہت اہم ہے کہ اگر آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند ہوجائے تو دنیا کی معیشت پر کیا اثر پڑے گا؟
واضح رہے کہ 6 مارچ 2026 کو حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک 55 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کے خدشات یقینی ہوگئے۔
اس کے فوری بعد تعلیمی ادارے بند کرنے اور دفاتر کو ہفتے میں چار دن کھولنے کی پالیسی بھی زیرِ غور آئی، جبکہ خطے کے دیگر ممالک بھی توانائی بحران کے اثرات سے متاثر دکھائی دے رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


