(28 نومبر 2025): ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ویب سیریز اسٹرینجر تھنگز سیزن 5 ریلیز ہونے کے بعد اس کے بائیکاٹ کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسٹرینجر تھنگز سیزن 5 کی کاسٹ اور اس کے رائٹرز نے مشرق وسطیٰ کے تنازع (اسرائیل حماس جنگ) پر گفتگو کی۔
نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز 27 نومبر کو اُس وقت تنازع کی لپیٹ میں آئی جب اس کے متعدد اداکاروں نے تنازع میں اسرائیل کی حمایت کی، اس پر سوشل میڈیا صارفین نے سائنسی فکشن ہارر سیریز کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔
نوح شنائپ (جو شو میں وِل بائرز کا کردار ادا کرتے ہیں) نے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے مشرق وسطیٰ کے تنازع میں اسرائیل کی حمایت کی، بعدازاں انہوں نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔
ویڈیو بیان میں نوح شنائپ کا کہنا تھا کہ ایک یہودی نژاد امریکی کے طور پر میں خوفزدہ ہوں، اسرائیل میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کیلیے پریشان ہوں جن پر حماس نے بلاوجہ حملہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں، خواتین اور ان فوجیوں کے قتل دیکھ کر دل ٹوٹ گیا جو اپنی حفاظت کیلیے لڑ رہے ہیں، میری طرح دوسرے بھی امن چاہتے ہیں، آئیے نفرت انگیز باتوں اور فریق چننے کے عمل کو روکیں۔
نوح شنائپ نے مزید کہا کہ سب کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ وہ جس جانب کھڑے ہیں وہ دہشتگردی کے خلاف لڑائی ہے، تشدد نہیں انسانیت کا انتخاب کریں۔
اب جب کہ نیٹ فلکس نے شو کی آخری قسط ریلیز کر دی ہے لیکن صارفین ایکس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ہمیں پرواہ نہیں، اسٹرینجر تھنگز کا بائیکاٹ کرو، یہ شو نسل پرست اسلاموفوبک صیہونی نظریات سے بھرا ہوا ہے۔


