امریکی ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے خوف اور اسرار سے بھرپور ڈراما سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ کے چوتھے سیزن کا پرومو جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیٹ فلیکس کی مقبول سائنس فکشن، ہارر، تھرلر اور مسٹری سیریز اسٹرینجر تھنگز کا چوتھا سیزن جلد شروع ہونے والا ہے، اس سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں نیٹ فلیکس پر جاری ہوا تھا، دوسرا سیزن 2017 جب کہ تیسرا سیزن 2019 میں آیا تھا۔
آخری سیزن کا اختتام ایک ناقابل یقین پوائنٹ پر ہوا تھا، یہ مقامی شیرف جم ہوپر کی ممکنہ موت پر مبنی تھا، تاہم گزشتہ برس اگست میں ریلیز ہونے والے ٹریلر میں انکشاف کیا گیا تھا کہ جم ہوپر زندہ ہے۔
اب سیزن فور کے پرومو میں دکھایا گیا ہے کہ ملی بوبی براؤن یعنی ‘الیون’ ایک مرتبہ پھر ریسرچ لیب میں پھنسی ہوئی ہیں، اس پرومو میں کچھ بچوں کو بھی دکھایا گیا ہے جو اسپتال کے گاؤنز میں ملبوس ہیں اور کھلونا گاڑیوں سے کھیل رہے ہیں۔
یہ ویڈیو سسپنس سے بھرپور ہے، ایک شخص کو دروازے سے ایک ہال میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے جہاں بچے کھیل رہے ہوتے ہیں اور بچے اس فرد کو ‘پاپا’ کہتے ہیں۔ وہ شخص کہتا ہے صبح بخیر بچو، بچے ایک ساتھ جواب دیتے ہیں صبح بخیر پاپا۔
واضح رہے کہ اسٹرینجر تھنگز سیریز میں سائنس دان کا کردار ادا کرنے والے میتھیو موڈین کو الیون پر متعدد ٹیسٹس کرتے دکھایا گیا ہے، الیون کو اس وقت تک ٹارچر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب تک وہ خود فیصلہ نہیں کر لیتیں کہ ٹارچر بہت زیادہ ہوگیا ہے۔