شجاع آباد : بستی داد میں آوارہ کتوں نے 6 سالہ بچی کا جسم بری طرح نوچ ڈالا ، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق شجاع آباد کی بستی داد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا. جہاں آوارہ کتوں کے حملے میں 6 سالہ بچی ردا فاطمہ جاں بحق ہو گئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ آوارہ کتوں نے بچی کے جسم کے مختلف حصوں کو بری طرح نوچ ڈالا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی، المناک واقعے پر لوگوں کے دل دہل گئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث علاقے میں آوارہ کتوں کے غول دندناتے پھر رہے ہیں، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔
اہلِ علاقہ نے المناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور آوارہ کتوں کے خاتمے کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے پاکپتن کے کمیریاں گاؤں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں آوارہ کتے کے کاٹنے سے 7 ماہ کے بچے کی موت واقع ہوگئی، کتے نے گھر میں گھس کر بچے کو نوچ کھایا بعد ازاں لوگوں نے کتے کو ماردیا تھا۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر فائیو جے میں آوارہ کتے نے دو سالہ بچے کو بھنبھوڑ ڈالا تھا ، ذوہان کے چہرے پر 25 ٹانکے آئے تھے۔


