خیرپور: صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں کتوں کی بہتات میں کمی نہ آسکی اور ایک ہی دن میں سات بچیوں سمیت 18 شہری آوارہ کتوں کے کاٹنے سے اسپتال جا پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق خیرپور میں آوارہ کتوں نےسات بچیوں سمیت اٹھارہ افراد کو کاٹ لیا، زخمی ہونے والے افراد کو جب اسپتال منتقل کیا گیا تو بیشتر زخمیوں کو ویکسین نہ مل سکی، جس کے باعث متاثرہ افراد اور ان کے ورثا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق نو افراد کو طبی امداد کے لئے خیر پور کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔صوبہ سندھ میں مختلف مقامات سے یہ اطلاعات بھی ملی ہیں کہ اینٹی ریبیز ویکسین کی عدم دستیابی بھی شہریوں کے لیے سخت مشکلات پیدا کررہی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق پچھلے سال کتے کے کاٹنے کے 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 25 جان کی بازی ہار گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، آوارہ کتے نے دو سالہ بچے کو بھنبھوڑ ڈالا
آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے خوفزدہ شہریوں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے مؤثر پالیسی مرتب کی جائے تاکہ قیمتی زندگیاں متاثر ہونے سے بچ سکیں۔
عالمی ادارۂ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا میں کتے کے کاٹے کے 36 فیصد کیسز انڈیا میں ہوتے ہیں۔