کراچی : آوارہ کتے خوراک کی تلاش میں کراچی ایئرپورٹ کے رن وے اور ایپرن ایریا میں داخل ہوگئے، آوارہ کتوں کا آزادانہ مٹر گشت اس وقت رپورٹ ہوا جب ایک نجی ایئرلائن کی پرواز اسلام آباد کےلیے ٹیک آف کررہی تھی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جناح ٹرمینل ائرپورٹ فنل ایریا میں آوارہ کتوں کا مٹر گشت کرنے لگے، توں کے ایئر پورٹ کےحساس مقام پر داخل ہونے سے سول ایوی ایشن انتظامات کی قلعی کھل گئی۔
آوارہ کتوں کا آزادانہ مٹر گشت اس وقت رپورٹ ہوا جب ایک نجی ائرلائن کی پرواز اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کررہی تھی، مسافروں سے بھری پرواز کی رن وے پر ٹیکسی کے دوران کتے آزادانہ گھومتے دکھائی دیے۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب کتے اچانک کسی جانب سے نمودار ہوئے، آوارہ جانور کی وجہ سے ایئرپورٹ رن وے پر ٹیک آف اور لینڈنگ کرنے والے جہازوں کو حادثہ بھی پیش آسکتا تھا۔
کراچی ایئرپورٹ انتطامیہ نے کہا کہ موقع پر موجود برڈ شوٹر نے انتہائی تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے کتوں کو مار دیا، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برڈ شوٹر کی گاڑی تیزی سے کتوں کی جانب بڑھ رہی ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا کہ رن وے پر کتے رپورٹ ہونے کا واقعہ 23 اگست کی شامل کا ہے۔